یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے اگر تو آپ کو فاسٹ فوڈ بہت زیادہ پسند ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ اس کی عادت آپ کو آنتوں کے کینسر کا شکار بناسکتی ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
میساچوسٹس انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالوجی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جنک فوڈ صرف موٹاپے یا ذیابیطس جیسے امراض کا خطرہ نہیں بڑھاتا بلکہ اس کے نتیجے میں کینسر بھی آپ کو اپنا نشانہ بناسکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق بہت زیادہ چربی سے بھرپور یہ غذا آنتوں کے اندر ایسے خلیات کی مقدار بڑھا دیتی ہے جو رسولی کی شکل میں بدل سکتے ہیں۔
تحقیق میں مزید بتایا کہ فاسٹ فوڈ کے نتیجے میں ایسے خلیات کا گروپ بن جاتا ہے جو اسٹیم سیلز کی طرح اپنی مقدار بڑھاتے چلے جاتے ہیں اور یہ دونوں طرح کے خلیات آنتوں کے اندر رسولی کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔
محققین کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ چربی والی غذا نہ صرف آنتوں کے اندر اسٹیم سیلز کو بدل دیتی ہے بلکہ یہ دیگر خلیات پر بھی اثرانداز ہوتی ہے جو جمع ہوکر رسولی کی تشکیل کا عمل بڑھا دیتے ہیں۔
محققین کے مطابق ہم جنک فوڈ کے طویل المعیاد استعمال کے اثرات جاننا چاہتے تھے اور اس کے دوران یہ خطرہ سامنے آیا۔
اس سے پہلے آسٹریلیا میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ مغربی طرز کی خوراک کو زیادہ استعمال کرنے والے ذہنی طور پر پیچھے رہ جاتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ فاسٹ فوڈ، تلے ہوئے کھانے اور پراسیس گوشت وغیرہ کا ذہنی صلاحٰت، سیکھنے، یاداشت اور ردعمل کے وقت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اسی طرح گزشتہ سال کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ فاسٹ فوڈ کا بہت زیادہ استعمال ہمارے معدوں میں پائے جانے والے ان بیکٹریا کو ختم کردیتا ہے جو موٹاپے، ذیابیطس، کینسر، امراض قلب، آٹزم اور آنتوں وغیرہ کی بیماریوں سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔