افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں ایک دھماکے میں کم سے کم آٹھ عام شہری مارے گئے ہیں۔
افغان صوبے ہلمند کے پولیس ترجمان نے بدھ کو بتایا کہ صوبہ ہلمند کے شہر نہر سراج کے قریب سڑک کے کنارے بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے سے وہاں سے گذرنے والی ایک گاڑی پوری تباہ ہوگئی۔
اس گاڑی میں خواتین و بچوں سمیت آٹھ افراد سوار تھے اور سبھی مارے گئے-
اس دھماکے میں دو اور شہری زخمی بھی ہوئے ہیں – پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار سبھی افراد ایک ہی کنبے کے تھے – یہ دھماکہ طالبان کے زیر کنٹرول علاقے میں ہوا ہے۔
دوسری جانب صوبہ تخار میں افغان سیکورٹی فورس نے ایک جھڑپ کے دوران پانچ مسلح طالبان کو ہلاک کر دیا- صوبہ تخار کے گورنر محمد عمر نے کہا ہے کہ صوبے کے خواجہ غار علاقے میں سیکورٹی فورس کے جوانوں نے پانچ مسلح طالبان کو ہلاک کر دیا ہے۔
یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب طالبان کے مسلح افراد نے بدھ کی صبح خواجہ غار کے علاقے میں سیکورٹی فورس کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا – اس جھڑپ میں افغان سیکورٹی فورس کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔