عراق کے صوبہ کرکوک کے گورنر نے کہا ہے کہ الحویجہ شہرکے قریب متعدد اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں جن میں چار سو افراد کو در گور کردیا گیا تھا۔
عراقی صوبے کرکوک کے گورنر راکان سعید نے بتایا کہ یہ اجتماعی قبریں الحویجہ کے جنوب مغرب میں تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع البکارہ فوجی چھاؤنی میں دریافت ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورس کے اہلکارں نے مقامی لوگوں کی مدد سے البکارہ کی اجتماعی قبروں کودریافت کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن کی لاشیں ان اجتماعی قبروں سے نکالی گئی ہیں ان سے کچھ ایسے تھے جو لال رنگ کے لباس پہنے ہوئے تھے جنھیں دہشت گردوں نے موت کی سزا سنا رکھی تھی اور کچھ عام لباس میں تھے۔
علاقے کے ایک باشندے کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین برس کے دوران جب تک یہ علاقہ داعش کے کنٹرول میں تھا داعشی عناصر آئے دن قیدیوں کو ہلاک کرتے اور ان میں سے بعض کوزندہ جلادیتے تھے۔