ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کہا ہے کہ شیراز کے دہشت گردانہ حملے میں بیرونی ایجنسیاں ملوث ہیں جنہیں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان جنرل رمضان شریف نے کہا ہے کہ دشمن کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ وہ کچھ شوشے چھوڑ کر ان پر منظم طور پر پروپیگنڈہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی زیارتی مرکز میں اس قسم کا اقدام، دشمن کی نہایت پست اور حقیر حرکت ہے۔
جنرل رمضان شریف کا کہنا تھا کہ حضرت شاہ چراغ (ع) کے روضے پر حملے کے حوالے سے بعض مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے سے دشمن کا منصوبہ تھا کہ پڑوسی ممالک کے درمیان مذہبی اور قومی اختلافات کو ہوا دے کردوریاں پیدا کی جائیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے دو ٹوک لفظوں میں کہا کہ ہم یقینی طو پر دہشت گردوں کو سخت اور ٹھوس جواب دیں گے۔
خیال رہے کہ حضرت شاہ چراغ (ع) کے روضے پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں 2 افراد شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔ گرفتار ہونے والے دہشت گرد کا نام رحمت اللہ نوروزف ہے اور اس کا تعلق تاجیکستان سے ہے۔