واشنگٹن، 10جولائی (یو این آئی) امریکہ میں بھی گرمی قہر برپا کررہی ہے اور ’خاموش قاتل‘ کے نام سے منسوب کی گئی گرمی کی یہ شدید لہر جان لیوا بننے کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے جس کی وجہ سے امریکہ کی ریاست اوریگون میں شدید گرمی کی لہر کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 116 تک پہنچ گئی ہے۔
ترکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گرم ترین ماہ جون سے گزرنے والے امریکہ میں ’خاموش قاتل‘ کے نام سے منسوب کی گئی گرمی کی یہ شدید لہر جان لیوا بننے کے عمل کو جاری رکھے ہوئے ہے۔اوریگون میں گزشتہ ہفتے ریکارڈ درجہ حرارت کو پہنچنے والی شدید گرمی نے اب تک 116 افراد کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔
حاصل کردہ رپورٹوں کے بعد اموات کی اصل تعداد کا چند ماہ کے اندر ہی تعین ہو سکے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کی اکثریت کے گھروں میں اے سی یا پھر پنکھا موجود نہیں تھا۔
قومی موسمیات سروس نے بحر اوقیانوس کے مغربی علاقے میں گرمی کی شدید لہر کا انتباہ دیا ہے۔