ایسا نظر آتا ہے کہ فیس بک آپ کی نیوز فیڈ کو بہت زیادہ خبروں سے بھرنا چاہتی ہے جیسا حال ہی میں لیک ہونے والے چند اسکرین شاٹس اس کا عندیہ ملا ہے۔
امریکا میں کچھ صارفین کی فیس بک موبائل ایپ میں اسپورٹس اور ورلڈ نیوز جیسے نئے سیکشن کو استعمال کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
فیس بک نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ ہمیں کہتے ہیں کہ وہ اپنی ایپ پر مزید خبروں کے آپشنز خاص طور پر کچھ مخصوص موضوعات پر خبروں کو دیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، اسی لیے ہم نے نیوز فیڈ میں تبدیلیوں کو آزمانا شروع کیا ہے۔
خیال رہے کہ فیس بک اکثر نئے فیچرز یا تبدیلیوں کو پہلے محدود صارفین کے ذریعے آزماتی ہے اور کچھ عرصے بعد نتائج کو دیکھتے ہوئے تبدیلیاں کرکے دنیا بھر میں متعارف کرادیتی ہے۔
خیال رہے کہ فیس بک میں پہلے کبھی خاص طور پر خبروں کے لیے اس طرح کے سیکشنز متعارف نہیں کرائے گئے اور اس سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ذاتی شیئرنگ پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔
یہ وہ شعبہ ہے جس میں ٹوئٹر کو فیس بک پر سبقت حاصل ہے اور اب لگتا ہے کہ مارک زکربرگ اس معاملے میں بھی آگے نکلنا چاہتے ہیں۔
یہ دونوں سوشل نیٹ ورکس اکثر ایک دوسرے کے فیچرز اپنالیتے ہیں۔