فیس بک نے کورونا وائرس کی ویکسینیشن کے حوالے سے تمام پوسٹس پر لیبلز کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ان لیبلز سے صارفین کو کووڈ 19 سے متعلق آفیشل تفصیلات تک رسائی مل سکے گی۔
اس اقدام کا مقصد ویکسین کے حوالے سے گمراہ کن تفصیلات اور لوگوں میں ان کے استعمال کے حوالے سے موجود ہچکچاہٹ کو دور کرنا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس نئی تبدیلی سے کووڈ 19 اور ویکسینز کے حوالے سے گمراہ کن تفصیلات کے پھیلاؤ میں کمی لانے میں مدد مل سکے گی۔
فیس بک نے بتایا کہ اس سے کووڈ یا ویکسین سے متعلق ایسا مواد بھی کم ہوگا جو فیکٹ چیکنگ پارٹنرز کی پکڑ میں نہیں آتا۔
کمپنی نے ایک بلاگ میں بتایا کہ سوشل میڈیا نیٹ ورک میں مستند ذرائع سے تفصیلات کو اس وقت فراہم کیا جائے گا جب لوگ کووڈ 19 یا ویکسینز سے متعلق تفصیلات جاننے کے خواہشمند ہوں گے۔
بلاگ کے مطابق جو لوگ یا گروپس مسلسل پالیسیوں کی خلاف ورزی کریں گے انہیں پلیٹ فارم سے خارج کردیا جائے گا۔
فیس بک کا کہنا تھا کہ ہم کووڈ 19 کے حوالے سے نقصان دہ مواد کی روک تھام کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے، اس کے لیے فیس بک اور انسٹاگرام پر ایسی پوسٹس میں لیبلز کا اضافہ کیا جائے گا جن میں ویکسینز پر بات کی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق ان لیبلز میں کووڈ 19 کے محفوظ ہونے سے متعلق مستند تفصیلات عالمی ادارہ صحت کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔
کووڈ 19 انفارمیشن لیبل کو دنیا بھر میں انگلش، اسپینش، انڈونیشین، عربی اور فرنچ زبانوں میں متعارف کرایا جارہا ہے جبکہ مزید زبانوں کو بھی آنے والے ہفتوں میں اس کا حصہ بنایا جائے گا۔
بلاگ میں بتایا گیا کہ اس کی جانب سے اضافی ٹارگٹڈ لیبلز کو کووڈ 19 ویکسین سب ٹاپکس کا حصہ بنایا جائے گا۔
بلاگ کے مطابق فیس بک اور انسٹاگرام پر کی جانے والی پوسٹ میں کووڈ 19 ویکسین لیبل کے اضافے پر ایک اضافی اسکرین کو بھی ایڈ کیا جائے گا ، تاکہ لوگوں کو علم ہوسکے کہ وہ کیا شیئر کرنے والے ہیں۔
دوسری جانب فیس بک نے عالمی سطح پر کووڈ 19 کے حوالے سے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے قومی اور عالمی سطح پر طبی حکام کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو قابل اعتبار تفصیلات تک رسائی حاصل ہوسکے اور وہ ویکسینیشن کراسکیں۔
امریکا میں فیس بک کی جانب سے ایک ٹول بھی متعارف کرایا جارہا ہے جس سے صارفین کو ویکسینیشن کی اپائنٹمنٹ کرانے کی سہولت مل سکے گی۔
کمپنی نے بتایا کہ اس ٹول کو جلد دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا۔