فیس بک نے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی لائیو اسٹریمنگ کا استعمال تشدد کے لئے کرتا ہے تو اس صارف کے اکاؤنٹ پر پابندی لگا دی جائے گی۔ مطلب صاف ہے کہ اگر کسی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے تشدد جیسے ویڈیو کی لائیو اسٹریمنگ کی ہے تب وہ آگے اس فیچر کا استعمال نہیں کر پائے گا۔
فیس بک نے نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی لائیو اسٹریمنگ کے بعد یہ بڑا قدم اٹھایا ہے۔ کمپنی کی وی پی گائے روسین نے بتایا کہ جن لوگوں نے طے شدہ ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے ان پر فیس بک کے لائیو اسٹریمنگ فیچر کے استعمال کرنے کو لے کر پابندی لگائی جائے گی۔
کیا ہے نئی پالیسی
گائے روسین کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ میں دہشت گردانہ حملے کو فیس بک پر لائیو اسٹریمنگ کے ساتھ چلایا گیا۔ اس ویڈیو کو کئی صارفین نے شئیر بھی کیا۔ اس لئے اب فیس بک پر نفرت کو روکنے کے لئے کمپنی ون اسٹرائک پالیسی لا رہی ہے۔ اس پالیسی کے نفاذ کے بعد جو صارف اگر ضوابط کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے اکاؤنٹ پر روک لگا دی جائے گی یا پھر اس کے کئی فیچرس بند کر دئیے جائیں گے۔
کوئی صارف کسی دہشت گرد تنظیم کے بیان کا لنک شئیر کرتا ہے تب بھی یہ پالیسی کے خلاف ہو گا۔ ایسی صورت میں اس کے اکاؤنٹ پر روک لگا دی جائے گی۔