بولی وڈ کے ایکشن ہیرو ورون دھون اور اداکارہ انوشکا شرما کی ایک ساتھ پہلی فلم ‘سوئی دھاگا’ کو بھارت سمیت دنیا بھر میں 28 ستمبر کو ریلیز کردیا گیا۔
تاہم فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن توقعات سے کم کمائی کرکے ناقدین کو مایوس کردیا۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ ورون دھون اور انوشکا شرما کی یہ فلم پہلے ہی دن 20 کروڑ تک کمانے میں کامیاب جائے گی، تاہم ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔
‘سوئی دھاگا’ نے ریلیز کے پہلے دن 10 کروڑ سے بھی کم کمائی کی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم ابتدائی 3 دن کے بعد اچھی کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔
بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئیٹ کی کہ 28 ستمبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے ایشیا کرکٹ کپ کے فائنل کی وجہ سے انوشکا شرما اور ورون دھون کی فلم نے توقعات سے کم کمائی کی۔