نئی دہلی، 6 دسمبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت کہتی ہے کہ ملک کے خلاف بین الاقوامی سازش ہو رہی ہے تو یہ بہت سنگین مسئلہ ہے اور ایسی سازش کرنے والے کا پردہ فاش کرنے میں ناکام ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ کوعہدے سے ہٹا دینا چاہئے۔
کانگریس کی ترجمان راگنی نائک نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک بھر میں فرقہ پرستی، تشدد اور نفرت کا زہر پھیلایا جا رہا ہے – ‘بٹیں گے تو کٹیں گے’ جیسے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔ ایسے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک اور منی پور سے مہاراشٹر تک کی یاترائیں نکالیں، جس کا مقصد محبت سے ہندوستان کو جوڑنا تھا۔
انہوں نے کہا، ’’ایک شخص جو مزدور، کسان، موچی، بڑھئی، ڈرائیور جیسے تمام طبقات کی زندگیوں سے جڑی جدوجہد کو سمجھ کر اس کا حل تلاش کرتا ہے، ایک شخص جو دلتوں، پسماندہ طبقات، خواتین کی آواز اٹھاتا ہے، ان کے حق کی لڑائی لڑتا ہے، اس شخص کو یہ لوگ غدار کہتے ہیں۔ لیکن سچ یہ ہے کہ بی جے پی-آر ایس ایس ملک کا سب سے بڑا ٹکڑے ٹکڑے گینگ ہے۔ راہل جی ہمیشہ عوامی مسائل کو اٹھاتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی اٹھائیں گے۔ وہ آپ کی دھمکیوں اور الزامات سے نہیں ڈرتے۔
ترجمان نے کہا، ’’جب وزیر اعظم نریندر مودی آئی ایس آئی کو ریڈ کارپٹ بچھا کر ملک میں مدعو کرتے ہیں اور وہی آئی ایس آئی پلوامہ کا سارا ٹھیکرا ہمارے ملک پر پھوڑ دیتا ہے، تب آپ نے انہیں غدار نہیں کہا۔ مودی جب بیرون ملک جا کر کہتے ہیں کہ پچھلے جنم میں کوئی پاپ کئے ہوں گے، تبھی ہندوستان میں پیداہوئے ہیں، تب انہیں غدار نہیں کہاجاتا۔
جب مسٹر مودی بن بلائے بریانی کھانے پاکستان چلے جاتے ہیں، تب انہیں غدار نہیں کہاجاتا۔ جب مسٹر مودی چین کو کلین چٹ دے یتے ہیں، تو یہ غداری کے زمرے میں نہیں آتا۔ آج ملک کے لوگ ایسے دوہرے کردار والے بی جے پی کے لوگوں پر ہنس رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ”جب ملک کا انا دتا کہتا ہے – ہم کالے قوانین کو برداشت نہیں کریں گے، ہم احتجاج کریں گے، تو بی جے پی کے لئے یہ بین الاقوامی سازش اور فنڈنگ کا حصہ بن جاتا ہے۔ جب سونم وانگچک اپنے ساتھیوں کے ساتھ لداخ سے آتے ہیں اور اپنا مطالبہ پیش کرتے ہیں، تو وہ بین الاقوامی سازش کا حصہ ہوجاتے ہیں۔ منی پور ڈیڑھ سال سے جل رہا ہے لیکن نریندر مودی وہاں نہیں جاتے کیونکہ یہ بھی بین الاقوامی سازش کا حصہ ہے۔
اگر مسٹرمودی سے مہنگائی، بے روزگاری پر سوال پوچھ لیا جائے تو آپ غدار ہیں۔ نوجوان روزگار مانگ لیں تو ان کو لاٹھی ماری جائے گی، کیونکہ وہ بھی سازش کا حصہ ہیں۔ اگر ملک میں اتنی بین الاقوامی سازش ہو رہی ہے تو آپ وزیر داخلہ امیت شاہ کی چھٹی کیوں نہیں کرتے ہیں۔
کیا نریندر مودی کی حکومت اتنی کمزور ہے، جس کے خلاف کوئی بھی بین الاقوامی سازش ہوتی رہتی ہے۔ اس ملک میں کسی نے بین الاقوامی سازش رچی ہے تو وہ گوتم اڈانی ہیں، جن پر رشوت ستانی اور غبن کا الزام لگایا گیا ہے اور جس نے ہندوستان کی شبیہ کو خراب کرنے کا کام کیا ہے۔
ترجمان نے کہا، ”بی جے پی کے لوگ کہتے ہیں کہ کانگریس پارٹی ملک کی معیشت کو غیر مستحکم کرنے کا کام کر رہی ہے، لیکن سچ یہ ہے کہ بی جے پی والے معیشت کو غیر مستحکم کرنے کا کام کرتے ہیں۔ جب ملک میں نوٹ بندی اور غلط جی ایس ٹی نافذ کیا گیا تو سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے نریندر مودی کو خبردار کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اگر آپ نوٹ بندی کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو جی ڈی پی گر جائے گی، تب مسٹر مودی نے ان کا مذاق اڑایا تھا، لیکن آج پوری حقیقت ملک کے سامنے ہے۔