لکھنؤ: جعلی دستاویز کی بنیاد پر ٹیچر کی نوکری حاصل کرکے 2003 سے نوکری کرنےوالے شخص ضلع دیوریا سے ایس ٹی ایف نے گرفتار کیا ہے۔
ایس ٹی ایف کے پولیس سب انسپکٹر دھرمیش کمار شاہی کے مطابق مخبر کی اطلاع پر کمپوزنگ اسکول ویر پور مشر وکاس کھنڈ بھلوانی کھوکھوندو ضلع دیوریا سے نگراں ستیہ پرکاش سنگھ کی قیادت میں ایس ٹی ایف کی ٹیم نے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار ملزم کی پہچان دھرمیندر کمار باشندہ کھوکھوندو ضلع دیوریا کی شکل میں ہوئی ہے۔ ملزم کے پاس سے 120روپئے کی نقدی اور موبائل برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار ملزم فرضی نمبرات کی بنیادپر ٹیچر کی نوکری کررہا تھا۔
گرفتار ملزم دھرمیندر کمار نے بتایاکہ وہ سمپورنا نند سنسکرت یونیورسٹی وارانسی سے شاستری امتحان کے نمبرات اور سرٹیفکیٹ فرضی طریقہ سے بنوایا تھا جس پر اپنے حساب سے نمبرات 18366 درج کردیئے گئے۔
ساتھ ہی انٹرمیڈیٹ کے نمبرات اور سرٹیفکیٹ بھی بنوایا تھاجس کی بنیادپر سال 2003 سے ٹیچر کی نوکری کررہا تھا۔ گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ کھوکھوندضلع دیوریا میں مقدمہ درج کرکے آگے کی کارروائی مقامی پولیس کے ذریعہ کی جارہی ہے۔