عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی نے ملک کے عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ وہ دولتِ اسلامیہ “داعش” کے قبضے سے فلوجہ شہر کی آزادی پر جشن منائیں۔
ان کا یہ بیان عراقی فوج کی جانب سے بغداد سے 50 کلومیٹر دور فلوجہ شہر کا قبضہ دوبارہ حاصل کرنے کےاعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
سرکاری ٹی وی پر وزیراعظم کی ایک ویڈیو میں فلوجہ کے مرکزی ہسپتال کے باہر عراقی جھنڈا لہراتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ آج ہمارے فوجی دستوں نے فلوجہ کو آزاد کروا لیا ہے اور موصل میں بھی اس وقت لڑائی جاری ہے۔
العبادی کا کہنا تھا کہ میں تمام عراقی شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آج کی فتح کا جشن منائیں۔ آج ہم نے فلوجہ سے داعش کو شکست دیتے ہوئے شہر کو ایک بار پھر عراق میں شامل کرلیا ہے۔ اس لیے آج کا دن فتح کا جشن منانے کا دن ہے۔ یہ جشن پوری قوم کو ہر مقام پر منانا چاہیے
العبادی کا کہنا تھا کہ دولت اسلامیہ ’داعش‘ کہلوانے والی تنظیم کے خلاف ہماری جنگ منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ اس وقت ہم موصل کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جس طرح ہم نے فلوجہ کی فتح کے بعد یہاں پر عراق کا پرچم لہرا دیا ہے۔ اسی طرح جلد ہی موصل پر بھی عراق کا پرچم لہرایا جائے گا۔
ادھر گذشتہ روز عراقی فوج نے فلوجہ شہر کی الجولان کالونی بھی داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
خیال رہے کہ عراقی فورسز نے فلوجہ میں داعش کے خلاف آپریشن کا آغاز 23 مئی کو کیا تھا۔ اس سے قبل سنہ 2014ء کے اوائل میں داعش نے فلوکہ اور شمالی عراق کے کئی دوسرے شہروں پر نہایت تیزی کے ساتھ قبضہ کرلیا تھا۔ اس وقت بھی شمالی عراق کے کئی شہر بالخصوص موصل داعش کے جنگجوؤں کے قبضے میں ہے۔