ممبئی: یکم اگست۔ پاکستان سےملنے والی اطلاع کے مطابق اُردو کے مشہور افسانہ نگار (85سالہ) سلطان جمیل نسیم گزشتہ جمعے کو کراچی میں انتقال کر گئے ۔
سلطان جمیل نسیم 14 اگست 1935ء کو آگرے میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ مشہور شاعر،ممتاز دانشور اور مرثیہ نگارحضرت صبا اکبر آبادی کے صاحبزادے تھے ۔ اُردو کے معروف شاعر اورپی ٹی وی کے سینئر ڈائریکٹر پروڈیوسر تاجدار عادل انکے برادر خرد ہیں۔ تقسیم ہند کے بعد سلطان جمیل نسیم اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان ہجرت کر گئے، پہلے حیدرآباد(سندھ) اور پھر کراچی منتقل ہوئے۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان کےلیے کام کیا ان کا ڈرامائی فیچر “حامد منزل” بہت مقبول ہوا۔
ان کا پہلا افسانہ1953 میں شائع ہوا تھا۔ انہوں نے تقریباً ڈھائی سَو افسانے لکھے۔ ان کے افسانوں میں جا بجا حقائق کی روشنی ہوتی ہے۔ ان کا اسلوب منفرد تھا جس کی وجہ سے وہ تمام اُردو دُنیا میں جانے گئے۔ عالمی سطح پر ان کے افسانوں کے تراجم بھی ہوئے۔ (بشکریہ ندیم صدیقی،ممبئی)