ممبئی، 29 جولائی (یواین آئی) مشہور بالی ووڈ اداکار سنجے دت آج 65 سال کے ہو گئے۔ 29 جولائی 1959 کو ممبئی میں پیدا ہونے والے سنجے دت کو اداکاری کا فن ورثے میں ملا۔ ان کے والد سنیل دت ایک اداکار تھے اور والدہ نرگس ایک معروف فلمی اداکارہ تھیں۔ گھر میں فلمی ماحول کی وجہ سے سنجے دت اکثر اپنے والدین کے ساتھ شوٹنگ دیکھنے جایا کرتے تھے۔
اس کی وجہ سے ان کا جھکاؤ بھی فلموں کی طرف ہو گیا اور وہ بھی اداکار بننے کے خواب دیکھنے لگے۔ سنجے دت نے بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے والد کے بینر تلے بننے والی فلم ریشما اور شیرا سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔
انہوں نے بطور اداکار اپنے کیریئر کا آغاز 1981 میں ریلیز ہونے والی فلم راکی سے کیا۔ مضبوط ڈائریکشن، اسکرپٹ اور گانوں اور میوزک کی وجہ سے یہ فلم ٹکٹ کھڑکی پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ سال 1982 میں سنجے دت کو پروڈیوسر ڈائریکٹر سبھاش گھئی کی فلم ودھاتا میں کام کرنے کا موقع ملا۔
اگرچہ پوری فلم دلیپ کمار، سنجیو کمار اور شمی کپور جیسے مشہور اداکاروں کے گرد گھومتی تھی لیکن سنجے دت نے فلم میں اپنے چھوٹے سے کردار سے ناظرین کے دل جیت لیے۔ 1982 سے 1986 تک کا وقت سنجے دت کے فلمی کیریئر کے لیے برا ثابت ہوا۔
اس دوران ان کی جانی آئی لو یو، میں آوارہ ہوں، بے قرار، میرا فیصلہ، زمین آسمان، دو دل کی داستان، میرا حق اور جیوا جیسی کئی فلمیں باکس آفس پر ناکام رہیں۔ تاہم سال 1985 میں ریلیز ہونے والی فلم جان کی بازی ٹکٹ کھڑکی پر اوسط بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔
سنجے دت کی قسمت کا ستارہ سال 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم نام سے چمکا۔ یوں تو یہ فلم راجندر کمار نے اپنے بیٹے کمار گورو کو فلم انڈسٹری میں دوبارہ قائم کرنے کے لیے بنائی تھی۔
لیکن فلم میں سنجے دت کے کردار کو ناظرین نے زیادہ پسند کیا۔ فلم کی کامیابی کے ساتھ ہی سنجے دت ایک بار پھر فلم انڈسٹری میں اپنی کھوئی ہوئی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ فلم نام کی کامیابی کے بعد سنجے دت کی شبیہ اینگری ینگ مین اسٹار کے طورپر بن گئی۔
اس فلم کے بعد، پروڈیوسر-ڈائریکٹرز نے زیادہ تر فلموں میں سنجے دت کی اسی شبیہ کا فائدہ اٹھایا، ان فلموں میں جیتتے ہیں شان سے، خطروں کے کھلاڑی، طاقتور، ہتھیار، علاقہ، زہریلے، کرودھ اورخطرناک جیسی فلمیں شامل ہیں۔
سال 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم سڑک کا شمار سنجے دت کے فلمی کیرئیر کی اہم فلموں میں ہوتا ہے۔ مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں سنجے دت کی اداکاری میں ایکشن کے ساتھ ساتھ رومانس کا بھی انوکھا امتزاج دیکھنے کو ملا۔ سال 1991 میں ہی ریلیز ہونے والی فلم ساجن کا شمار سنجے دت کے کیرئیر کی اہم فلموں میں کیاجاتا ہے۔
لارنس ڈی سوزا کی ہدایت کاری میں بننے والی اس میوزیکل فلم میں سنجے دت کی اداکاری کا ایک نیا روپ دیکھنے کو ملا۔ اس فلم میں ہدایت کار نے ان کی مار دھاڑ والی امیج کو چھوڑ کر ایک نئے انداز میں پیش کیا۔ فلم میں ان کی زبردست اداکاری کی وجہ سے انہیں اپنے فلمی کیریئر میں پہلی بار بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔
سال 1993 میں ریلیز ہونے والی فلم کھلنائک سنجے دت کے کیرئیر کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک ہے۔ فلم میں سنجے دت کا یہ کردار مکمل طور پر گرے شیڈز لئے یوئے تھا، اس کے باوجود وہ ناظرین کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور اپنی زبردست اداکاری سے فلم کو سپر ہٹ بنا دیا۔
سال 1993 سنجے دت کی ذاتی زندگی میں ایک سیاہ سال ثابت ہوا، ممبئی بم دھماکہ میں نام آنے کی وجہ سے انہیں جیل تک جانا پڑا۔ سال 1993 سے 1999 تک سنجے دت کی کچھ فلمیں ریلیز ہوئیں جو ٹکٹ کھڑکی پر خاص کمال نہ کرسکیں۔
سال 1999 میں ریلیز ہونے ’واستو‘ سنجے دت کے کیریئر کی ایک اہم فلم ثابت ہوئی۔ فلم میں اپنی زبردست اداکاری کے لیے سنجے دت کو ان کے فلمی کیریئر میں پہلی بار بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سال 1999 میں سنجے دت کے کیرئیر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’حسینہ مان جائے گی‘ ریلیز ہوئی۔ ڈیوڈ دھون کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں سنجے دت کی اداکاری کا ایک نیا رنگ دیکھنے کو ملا۔
اس فلم سے پہلے ان کے بارے میں یہ تاثر تھا کہ وہ صرف سنجیدہ یا ایکشن کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن اس فلم میں انہوں نے گووندا کے ساتھ جوڑی بناکر اپنی زبردست مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو مسحور کر دیا۔
سال 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم منا بھائی ایم بی بی ایس کا شمار سنجے دت کے کیرئیر کی سپر ہٹ فلموں میں ہوتا ہے۔ اس فلم میں سنجے دت اور ارشد وارثی کی جوڑی نے زبردست دھمال مچا کرسنیما شائقین کو خوش کر دیا۔ سنجے دت کو فلم میں ان کی زبردست اداکاری کے لیے بہترین کامیڈین کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ فلم کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے سال 2006 میں اس کا سیکوئل لگے رہو منا بھائی بنایاگیا جس نے ٹکٹ کھڑکی پر زبردست کامیابی حاصل کی۔
سنجے دت کے فلمی کیریئر میں ان کی جوڑی مادھوری دکشت کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ سنجے دت نے کئی فلموں میں اپنی پلے بیک سنگنگ سے ناظرین کو اپنا دیوانہ بنایا۔ سنجے نے تین شادیاں کی ہے۔
سنجے دت نے ریا پلئی، ریچا شرما اور مانیتا دت کے ساتھ شادی کی۔ سنجے دت نے اپنے کیریئر میں اب تک 200 سے زائد فلموں میں اداکاری کی ہے۔ سنجے دت بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ جنوبی ہند کی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔