نئی دہلی،26 جون ( یواین آئی) سنگت ناٹک اکیڈیمی ایوارڈ یافتہ معروف بھرت ناٹیم ڈانسر گیتا چندرن نے 21 دن تک گھرمیں رہ کر اورگھریلو علاج سے ہی کورونا کے خلاف اپنی لڑائی جیت لی اور اب وہ پوری طرح سے صحتمند ہوچکی ہیں۔اسی طرح ہندی کی مشہور مصنفہ وندنا راگ نے بھی کورونا کے ساتھ لڑائی جیت لی ہے۔انہوں نے فیس بک پر کورونا کے ساتھ اپنی لڑائی کی پوری کہانی لکھ دی ہے۔
’ناٹیہ ورکش سنستھا‘ کی صدر گیتا چندرن اور لیڈی شری رام کالج سے تعلیم یافتہ چندرن نے جمعہ کے روز فیس بک پر لکھا کہ انہیں 5 جون کو بخار تھا۔ ڈاکٹروں نے انہیں ایک عام بخار سمجھا ، لیکن جب اس کی زبان کا ذائقہ بھی 6 جون کو ختم ہوا تو انہوں نے کورونا کا ٹسٹ کرایا ، جس سے پتہ چلا کہ وہ اس وبائی مرض کا شکار ہوچکی ہیں ۔
اس کے بعد انہوں نے گھر میں رہتے ہوئے خود کو الگ کیا اور گھریلو علاج کرتی رہیں۔ اس کےعلاوہ وہ اپنے بخار کی روزانہ نگرانی کرتی رہیں اور آکسیمیٹر مشین سے اپنے پھیپھڑوں میں آکسیجن کی سطح کی جانچ بھی کرتی رہیں۔
مسز گیتا چندرن نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ گزشتہ 10 دنوں سے انہیں اب بخار نہیں ہے اور اس کا ذائقہ بھی واپس آگیا ہے ۔اب وہ اپنی طاقت دوبارہ حاصل کررہی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ دہلی حکومت نے انہیں فون پر مطلع کیا ہے کہ ان کی قرنطنیہ کی مدت ختم ہوگئی ہے۔