نامور اردو کے شاعر، لکھاری اور فلم ساز جاوید اختر نے تصدیق کی ہے کہ ان کے بڑے صاحبزادے اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر فرحان اختر اپنی دیرینہ دوست شبانی ڈنڈیکر کے ساتھ رواں ماہ ہی رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔
بھارتی میڈیا نے پہلے ہی رپورٹس دی تھیں کہ 47 سالہ فرحان اختر اور 41 سالہ شبانی ڈنڈیکر رواں برس مارچ میں شادی کریں گے۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ نے اپنی خصوصی رپورٹ میں بتایا کہ فرحان اختر کے والد جاوید اختر نے بیٹے کی شادی کی تیاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رواں ماہ کے اختتام تک شادی ہوجائے گی۔
جاوید اختر کے مطابق دونوں کی شادی کو 21 فروری کو عدالت میں رجسٹرڈ کروایا جائے گا، جس کے بعد قریبی دوستوں اور اہل خانہ کی موجودگی میں شادی کی تقریبات ہوں گی۔
فلم ساز کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے شادی کی تقریبات سادگی سے منعقد کی جائیں گی اور انہیں محدود بھی رکھا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں جاوید اختر نے بتایا کہ تاحال کسی کو شادی کے دعوت نامے نہیں بھجوائے گئے مگر جلد ہی قریبی دوستوں اور رشتے داروں کو آگاہ کردیا جائے گا اور شادی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
دوسری جانب شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ نے بتایا کہ دونوں کی شادی 21 فروری کو رجسٹرڈ ہونے کے کچھ دن بعد ہی ان کی شادی کی تقریبات شروع ہوجائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق فرحان اختر اور شبانی ڈنڈیکر نے شادی کی عدالتی رجسٹریشن کے لیے گزشتہ ماہ جنوری میں ہی درخواست دائر کردی تھی، جس پر رواں ماہ فروری میں فیصلہ آنے کا امکان ہے۔
دونوں جہاں مذہب اسلام کے تحت نکاح کریں گے، وہیں دونوں ہندو مذہبی رسومات بھی ادا کریں گے۔
شبانی ڈنڈیکر مراٹھی نسل کی ہندو خاتون ہیں جب کہ فرحان اختر مسلمان ہیں۔
اگر ان دونوں کی شادی ہوئی تو یہ فرحان اختر کی دوسری جب کہ شبانی ڈنڈیکر کی پہلی شادی ہوگی۔
47 سالہ فرحان اختر نے اس سے قبل 2000 میں 54 سالہ ہیئر اسٹالسٹ ادھونا بھابانی سے شادی کی تھی اور ان سے انہیں 2 بچیاں بھی ہیں، ان کے درمیان شادی کے 16 سال بعد 2016 میں طلاق ہوگئی تھی۔