حیدرآباد 25مارچ (یواین آئی )مرچ کی فصل پر اقل ترین امدادی قیمت حاصل نہ ہونے پر تلنگانہ کے ورنگل ضلع کے ایٹو ماملا مارکٹ یارڈ میں کسانوں نے ان کی پیداوار کو آگ لگادی ۔ ان کسانوں نے دلالوں پر دھوکہ کا الزام لگایا اور کہا کہ ان کی پیداوار کی مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے مسائل میں روز روز اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔
مارکٹ یارڈ میں 5 تا 6 دنوں کے دوران 50 ہزار تھیلے مرچ کے لائے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مرچ کی زائد پیداوار کے سبب مناسب قیمتیں نہیں مل رہی ہیں جس پر کسانوں نے مایوسی کا اظہار کیا ۔ اسی دوران فصل پر پانچ ہزار قیمت نہ ملنے پر بھوپال پلی کے کسان آدی ریڈی اور ایک کسان نے دو تھیلے مرچ مارکٹ یارڈ میں جلادی ۔ تاہم مارکٹ کے چوکس حمالوں اور دیگر نے مل کر آگ بجھائی ۔ کسانوں نے الزام لگایا کہ ان کی پیداوار پر مناسب معاوضہ نہیں مل رہا ہے ۔