آندھرپردیش کے سابق وزیراعلی و تلگو دیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرابابو نائیڈو کی بس پر سنگباری کی گئی۔ چندرابابو نائیڈو نے جگن موہن ریڈی کی زیرقیادت وائی ایس آر کانگریس حکومت کی جانب سے ریاستی دارالحکومت امراوتی کے علاقہ میں منہدم کردہ پرجا ویدیکا علاقہ کا معائنہ کیا ۔
وہ وہاں سے سی ڈی ایکسس روڈ پر جارہے تھے کہ ان کی بس پر بعض افراد نے سنگبار کردی ، جس کے نتیجہ میں اس علاقہ میں کچھ دیر کے لئے کشیدگی پھیل گئی۔
اس واقعہ کے ساتھ ہی پولیس کی کثیر تعداد وہاں تعینات کردی گئی اور کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کے لئے چوکسی اختیار کی گئی۔
اس واقعہ پر تلگودیشم پارٹی کے لیڈروں نے برہمی ظاہر کی۔ اسی دوران بعض کسانوں نے چندرا بابو کے دورہ کے خلاف احتجاج کیا۔اس سلسلہ میں کسانوں نے دریائے کرشنا کے طاس کے علاقہ اور رایاپوڈی میں فلیکسی بورڈس لگائے۔
کسانوں نے چندرابابو حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدہ کو پورا نہ کرنے پر شدید برہمی ظاہر کی اور کہا کہ لینڈ پولنگ طریقہ کار کے تحت ان کی جانب سے دی گئی اراضی کیلئے متبادل اراضی ان کو فراہم نہیں کی گئی ہے۔اس طرح چندرابابو نے ان کو دھوکہ دیا ہے۔ کسانوں نے چندرابابو سے مطالبہ کیا کہ وہ ان سے معذرت خواہی کریں۔