نئی دہلی، 17 جنوری (یو این آئی) سپریم کورٹ نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو بھارت رتن دیئے جانے کا مطالبہ کرنے والی عرضی جمعہ کے روز خارج کردی۔
چیف جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس بی آر گووئی اور جسٹس سوریہ کانت کی بنچ نے انل دت شرما کی عرضی یہ کہتے ہوئے خارج کردی کہ مہاتما گاندھی کو دیا گیا بابائے قوم کا لقب بھارت رتن سے کافی بڑا ہے۔ پوری دنیا کے لوگ مہاتما گاندھی کا بہتر احترام کرتے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ مہاتما گاندھی بھارت رتن سے کافی بڑے ہیں۔ عدالت نے عرضی گزار سے کہا کہ وہ ان کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔ اس لئے وہ خود اس بارے میں حکومت کو عرضداشت سے سکتے ہیں۔
عرضی گزار کا کہنا تھا کہ اب تک کئی لوگوں کو بھارت رتن سے نوازا جاچکا ہے، لیکن مہاتما گاندھی کو ابھی تک یہ اعزاز نہیں دیا گیا۔ بابائے قوم کو بھی یہ اعزاز ملنا چاہیے۔
اس بارے میں جسٹس بوبڈے نے کہا کہ ’’دیکھئے، کورٹ اس معاملے پر سماعت نہیں کرسکتی۔ اگر آپ چاہیں تو مرکزی حکومت کو اس بارے میں عرضداشت سونپ سکتے ہیں۔ ہماری نظر میں مہاتما گاندھی بھارت رتن سے بالا ہیں”۔