امریکی ریاست کینٹکی میں گھریلو لان میں سرخ رنگ کرنے کی ممانعت ہے۔ فوٹو: فائل
واشنگٹن: یوں تو امریکا حیرتوں کی سرزمین ہے لیکن یہاں کے قوانین بھی دلچسپی سے خالی نہیں، ہم یہاں اس مختصر مضمون میں تصویروں کے ذریعے امریکی ریاستوں کے مضحکہ خیز اور عجیب وغریب قوانین کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
1: نوٹ کو دھاگے سے باندھ کر دوسروں کو لبھانا منع ہے
پینسلوانیا میں نوٹ کو دھاگے سے باندھ کر ہوا میں یا سڑک پر چھوڑ کر لوگوں کو لبھانے یا نوٹ پکڑنے کے ترغیب دینا قانونی طور پر جرم ہے۔
2: جیب میں آئسکریم کون کی ممانعت
الاباما ریاست میں اگر آپ پتلون کی پچھلی جیب میں آئس کریم کون رکھ کر چل رہے ہیں تو خبردار یہ غیر قانونی عمل ہوگا اور آپ پر جرمانہ بھی عائد ہوسکتا ہے۔
3: سوئمنگ پول میں سائیکل چلانا منع ہے
کیلیفورنیا میں سوئمنگ پول میں سائیکل لانا اور چلانے کی کوشش کرنا سخت ممنوع ہے لیکن کوئی یہ تو بتائے کہ گہرے پانی میں سائیکل بھلا کون چلاسکتا ہے۔
4: بچوں کے بے ہنگم ہیئراسٹائل
ٹیکساس ریاست میں اس بات کی ممائعت ہے کہ چھوٹے بچوں کے ہیئر اسٹائل بڑوں جیسے یا عجیب و غریب رکھے جائیں، اس سے اجتناب ہی بہتر ہے۔
5:سمندری بگلے پر تھوکنا منع ہے
ورجینیا میں سمندری بگلے (سی گل) پر تھوکنا ممنوع ہے، شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ جانور اپنا بدلہ لے کر رہتا ہے۔ انتقام کی آگ میں یہ آپ کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور پرندے پر تھوکنے پر جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔
6: کاغذی لفافے میں وائلن نہ رکھیں
یوٹاہ میں اگر آپ سڑک پر وائلن لے کر چل رہے ہیں تو اسے اپنے کیس میں رکھئے کیوں کہ اسے کسی کاغذی لفافے میں رکھنا سخت منع ہے۔
7: سوپ پئیں مگر تمیز سے
نیوجرسی میں اگر آپ کسی عوامی مقام پر بیٹھے ہیں اور سوپ پی رہے ہیں تو اس میں تمیز کا خیال رکھیں اور سوپ پیتے ہوئے نہ آواز نکالیں کیوں کہ یہ سخت بدتمیزی میں شمار ہوتا ہے۔
8: امریکی پرچم پر گول دائرے نہ بنائیں
اگر آپ واشنگٹن میں ہیں تو امریکی پرچم پر پولکا ڈاٹ یعنی گول دائرے بنانے سے گریز کیجئے ورنہ گرفتاری بھی ہوسکتی ہے۔
9: درختوں پر کیل ٹھونکنا منع ہے
امریکی ریاست میری لینڈ میں درختوں پر کیل ٹھونکنے پر 50 ڈالر یعنی 5 ہزار روپے کا جرمانہ ہوسکتا ہے، درختوں کو اس طرح اذیت سے بچانے کا یہ اچھا طریقہ ہے جسے پاکستان میں بھی رائج ہونا چاہیے جہاں لوگ درختوں پر نام چھیدتے اور جن بھوت اتارنے کے لیے کیلیں ٹھونکتے نظر آتے ہیں۔
10: کان میں سکے نہ پھنسائیں
ہوائی میں امریکی سکے کان میں پھنسانا منع ہے کیوں کہ یہ امریکی سکے کی تحقیر سمجھی جاتی ہے۔
11: تتلیوں کو پن کرنا بھی منع ہے
آرکنساس میں کسی بھی جاندار کو مارنے یا مارکر اسے محفوظ کرنے کے لیے لائسنس درکار ہوتا ہے، خواہ وہ چھوٹی تتلی ہو یا پھر کوئی بڑا جانور ہو۔
12: دودھ کا ڈبہ خراب نہ کیجئے
امریکی ریاست میسوری میں دودھ کے ڈبے کی شکل اس طرح بگاڑنا کہ دودھ بہنے لگے منع ہے۔