چندوسی : چندوسی شہر کے پنجاب نیشنل بینک کے اے ٹی ایم سے روپئے نکالتے وقت کنیکٹیوٹی چلی جانے کی وجہ سے کھاتہ سے رقم موصول نہ ہوسکی۔جب کھاتہ دار نے دوبارہ رقم نکالنے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ اس کے کھاتہ سے پندرہ ہزار روپئے کی رقم نکال لی گئی ہے۔
متاثر کھاتہ دار نے ٹول فری نمبر پر اور بینک جاکر اس کی شکایت درج کرائی اور اس کا سدباب نہ ہونے پر پولیس تھانہ میں شکایت درج کراکر انصاف کا مطالبہ کیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے آواس وکاس کے رہنے والے ستیندر پالس سنگھ نے پولیس میں شکایت درج کی ہے کہ وہ پنجاب نیشنل بینک کے اے ٹی ایم پر روپیہ نکالنے گیا تھا۔
کنیکٹیوٹی فیل ہوجانے کے سبب روپیہ نہیں نکل سکا ۔ تھوڑی دیر بعد اورئینٹل بینک سے پیسے نکالنے گیا تو چارہزار روپئے نکالے گئے ۔کھاتہ کے بقایا رقم سے پندرہ ہزار روپئے کاٹ لئے گئے جس پر متاثر نے ٹول فری نمبر اور بینک افسران سے شکایت کی جس کی شکایت خارج کردی گئی۔ کھاتہ دار نے بینک افسران سے روپئے نکالے جانے کے وقت کی ویڈیو فوٹو نکلوائی تو اس میں روپئے نکالنے کا پورا واقعہ کیمرے میں قید تھا۔