لکھنؤ: فلم دی کیرالہ اسٹوری کو اتر پردیش میں ٹیکس فری قرار دے دیا گیا ہے۔ یوگی کابینہ کی منظوری کے بعد اب اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سینما گھروں میں فلم دیکھنے والوں کو فائدہ ہوگا۔ جمعہ کو یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ تمام وزراء نے فلم دی کیرالہ اسٹوری دیکھی۔ یہ فلم غیر قانونی تبدیلی مذہب اور دیگر مذاہب کی لڑکیوں کو دہشت گرد تنظیموں کے ذریعہ نشانہ بنانے کے بارے میں ایک بڑا پیغام دیتی ہے۔
لکھنؤ کے لوک بھون میں فلم کی خصوصی اسکریننگ کی گئی۔ اسکول کالج کی کئی طالبات کو بھی یہاں مدعو کیا گیا تھا۔ فلم دیکھنے کے بعد کابینہ اجلاس کے فیصلے کی معلومات منظر عام پر آگئیں۔
سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے حال ہی میں ٹویٹ کرکے فلم کو ٹیکس فری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب اس پر حکومت کی مہر لگ گئی ہے۔ لوک بھون میں پوری کابینہ کے ساتھ فلم دیکھنے کے بعد ڈپٹی سی ایم کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ ہم مغربی بنگال میں اس فلم پر سے پابندی ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ آنے والے وقت میں مغربی بنگال کی حقیقت بھی لوگوں کے سامنے آئے گی۔ وزیر گلابو دیوی نے کہا کہ یہ فلم لوگوں کے جذبات کو بدل دے گی۔