نئی دہلی، 17 مئی (یو این آئی) سترہویں لوک سبھا کے انتخابات کے آخری مرحلے میں 59 سیٹوں پر ووٹنگ کے لئے انتخابی مہم جمعہ کی شام پانچ بجے ختم ہوگئي ، جبکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے مغربی بنگال کی نو نشستوں کے لئے انتخابی مہم پر روک لگائے جانے کی وجہ سے وہاں انتخابی مہم کل ہی ختم ہوگئی تھی ۔ اتوار کو ہونے والی پولنگ کے لئے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور سکیورٹی کے سخت انتظام کئے گئے ہیں۔
آخری مرحلے میں سات ریاستوں بہار، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال، پنجاب، ہماچل پردیش، اتر پردیش اور مرکز کے زیر انتظام خطہ چنڈی گڑھ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلے میں اتر پردیش اور پنجاب کی 13-13 نشستوں، مغربی بنگال کی نو سیٹوں، بہار اور مدھیہ پردیش کی آٹھ نشستوں، ہماچل پردیش کی چار سیٹوں، جھارکھنڈ کی تین نشستوں اور چنڈی گڑھ کی ایک نشست پر پولنگ ہوگی۔
اس میں 10 کروڑ ایک لاکھ 75 ہزار ووٹر 918 امیدواروں کے انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔