لکھیم پور/ لکھنؤ،4 اکتوبر (یو این آئی) اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں پرتشدد جھڑپ میں چار کسانوں سمیت آٹھ افراد کی ہلاکت کے سلسلے میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کے بیٹے آشیش مشرا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
حالات بگڑنے کے خدشے کے پیش نظر ضلع میں حکم امتناعی اورانٹرنیٹ خدمات متاثر ہیں۔ آج اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ضلع کی سرحدوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے جنرل سکریٹری ستیش مشرا کی رہائش گاہ کے باہر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی ہے جبکہ عام آدمی پارٹی (آپ) کے رہنما سنجے سنگھ اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کو سیتاپور میں پولیس کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔