رانچی: جھارکھنڈ کے دھنباد ضلع کے بینک موڑ تھانہ علاقے کے شکتی مندر کے ساتھ واقع آشیرواد ٹاور میں کل دیر شام آگ لگ گئی، جس میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی۔
دھنباد کے ڈپٹی کمشنر سندیپ سنگھ نے آج بتایا کہ مہلوکین میں 10 خواتین، تین بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آگ آشیرواد ٹوئن ٹاور کے پیچھے واقع بی بلاک کی دوسری منزل پر لگی تھی۔ فائر انجن رات میں ہی آگ پر قابو پانے کی کوشش میں کامیاب رہے۔
ذرائع نے بتایا کہ لوگ شادی کی تقریب کے لیے اپارٹمنٹ میں موجود تھے کہ گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ آگ دوسری منزل پر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ پنکج اگروال کے گھر میں لگی جو آہستہ آہستہ تیسری منزل تک پھیل گئی، جس سے 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
اس دوران پی ایم او نے اس معاملے کو لے کر دو ٹوئٹ کیے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ دھنباد میں آگ لگنے سے کئی لوگوں کی موت کی خبر سے مجھے گہرا دکھ ہوا ہے۔ میری تعزیت متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے، میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ وزیر اعظم مودی نے معاوضے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھنباد آتشزدگی کے واقعہ میں مرنے والوں میں سے ہر ایک کے لواحقین کو پی ایم این آر ایف کی جانب سے 2 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔