امپھال، 28 فروری ؛منی پور میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ پیر کو سخت سیکورٹی کے درمیان پرامن طریقے سے شروع ہوئی۔
افسران نے بتایا کہ پہلے مرحلے کی پولنگ صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔ منی پور میں کل 60 اسمبلی سیٹیں ہیں اور آج پہلے مرحلے میں 38 سیٹوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔
پہلے مرحلے میں وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ (ہنگانگ )، اسپیکر وائی کھیم چند (سنگجمی) اور نائب وزیر اعلیٰ وائی جوائے کمار (وریپوک) قسمت آزمارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ کئی اور اہم سیاسی شخصیات کی قسمت کا فیصلہ بھی اس مرحلے میں ہو گا۔
ریاست کے تقریباً 80 فیصد وادی اور 20 فیصد پہاڑی علاقوں میں آج ووٹنگ ہو رہی ہے۔ مسٹر سنگھ اور مسٹر کھیم چند بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدواروں اور مسٹر جوائے کمار نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) کے امیدواروں کے طور پر مقابلہ کر رہے ہیں۔
پہلے مرحلے میں ریاست کے 1721 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔ اس مرحلے میں 173 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا، جن میں سے 15 خواتین ہیں۔ اہم خواتین امیدواروں میں کانگ پوکپی سے این بیرین کابینہ میں سماجی بہبود اور تعاون کے وزیر نیمچا کپگین (بی جے پی) اور پٹسوئی سے سابق وزیر اکوئیجم میرابائی (کانگریس) شامل ہیں۔