باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد دورنز سے شکست دے دی۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور 10رنز پر دونوں اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم پویلین لوٹ چکے تھے۔
اس موقع پر بیٹنگ آرڈر میں ترقی پانے والے آصف علی اور محمد حفیظ وکٹ پر اکٹھا ہوئے اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 67رنز جور کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی۔
اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب حفیظ 45رنز بنانے کے بعد ایڈم ملنے کی وکٹ بن گئے۔
آصف علی نے 10اوورز سے زائد دیر تک وکٹ پر قیام کیا لیکن 21 گیندوں پر 24رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔
کپتان سرفراز احمد اچھی فارم میں نظر آئے اور 34رنز کی اننگز کھیلی لیکن اش سودھی کو ایک چھکا مارنے کے بعد اگلی ہی گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔