امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شام کے شمالی شہر رقہ کے پناہ گزینوں پر حملہ کرکے کم سے کم تیس عام شہریوں کو جاں بحق کردیا
المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ امریکی اتحاد کے اس ہوائی حملے میں دریائے فرات میں پناہ گزینوں کی کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا – ان کشتیوں میں رقہ شہر سے محفوظ مقامات کی جانب فرار کرنےوالے عام شہری سوار تھے –
اس سے پہلے جمعے کو بھی داعش مخالف نام نہاد امریکی اتحاد کے طیاروں نے رقہ شہر کے الجمیلی علاقے پر بمباری کرکے تینتالیس عام شہریوں کو جاں بحق کردیا تھا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے یہ علاقہ داعش کے قبضے میں ہے- امریکی اتحاد کے طیاروں نے جمعرات کو بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ شام اور عراق میں اس کے ہوائی حملوں میں چارسو چوراسی عام شہری مارے گئے ہیں – اس درمیان شامی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام الگ الگ خط ارسال کرکے کہا ہے داعش مخالف نام نہاد امریکی اتحاد کے حملوں میں شام کے شہریوں کا جو جانی اور مالی نقصان ہوا ہے وہ داعش کے دہشت گردانہ اقدامات سے ہونےوالے جانی اور مالی نقصانات سے کم نہیں ہے –