پریاگ راج، 23 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش میں پریاگ راج کے گنگاپار تھروائی علاقے میں ہفتہ کی صبح ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے وحشیانہ قتل کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ اجے کمار نے بتایا کہ علاقے کے کھیوراج پور گاؤں کے رہنے والے راج کمار (55) اہلیہ کسم (50)، بیٹی منیشا (25) بہو سبیتا اور اس کی بیٹی میناکشی کو نامعلوم بدمعاشوں نے سوتے ہوئے قتل کردیا۔ لواحقین میں پانچ سالہ بچی بچ گئی ہے۔ سب کے سروں پر لاٹھیوں کے نشان ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد تفصیلی معلومات سامنے آئیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ گھر کے ایک کمرے میں آگ لگنے کی بھی اطلاع ملی جسے فائر بریگیڈ نے بجھایا۔ پولیس کو ہفتہ کی صبح اس واقعہ کی اطلاع ملی۔ پولیس نے تحقیقات کے لیے سات ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
خاندان کی لڑکی اور بہو کے ساتھ زیادتی کے امکان پر سوال پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ جب تک پوسٹ مارٹم رپورٹ نہیں آتی اس معاملے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے گزشتہ ہفتے گنگاپار کے نواب گنج میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔ ان میں میاں بیوی اور ان کی تین بیٹیاں تھیں۔ بعد میں پتہ چلا کہ گھر کے گارجین نے ہی سب کو پہلے مار کر خودکشی کرلی تھی۔