ورجینیا: امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہو گئے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حکام نے بتایا کہ ورجینیا میں سیلاب کی تباہ کاری کی وجہ سے 25 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 500 پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
ریاست کی گورنر اریل رے ٹومبلن نے بتایا کہ ایک روز قبل ہونے والی بارش کے نتیجے میں سیلاب نے ریاست بھر میں وسیع پیمانے پر تباہی پھیلائی۔
ریاست کی 55 میں سے 44 کاؤنٹیز میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا گيا ہے، 6 کاؤنٹیز سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئیں اور تقریباً 66 ہزار گھروں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہوگئی، جبکہ نیشنل گارڈ کے 200 فوجی تلاش اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
ہوم لینڈ سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی منیجنمنٹ آفس کے ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد میں ایک 8 سالہ بچہ بھی شامل ہے جو نالے میں گر کر پانی میں بہہ گیا تھا، بعدازاں بچے کی لاش 3 گھنٹے تلاش کرنے کے بعد ملی۔
چارلسٹن کے قریب الیکویو کے شاپنگ سینٹر میں پل بہہ جانے کی وجہ سے 500 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
ریاست کے ہوم لینڈ سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی منیجنمنٹ آفس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات شاپنگ سینٹرز میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے۔
ویسٹ روجینیا میں ریسیکیو ٹیموں کا امدادی کام جاری ہے —۔فوٹو / اے پی
ویسٹ روجینیا میں ریسیکیو ٹیموں کا امدادی کام جاری ہے —۔فوٹو / اے پی
انہوں نے بتایا کی ریاست میں سیلاب کا پانی گھروں میں پہنچ چکا ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے گھروں میں 8 سے 9 فٹ پانی پہنچ چکا ہے۔
گورنر کا کہنا ہے کہ علاقوں کے مخلتف دریاؤں میں ایک صدی کے بعد پانی کا بہاؤ 32 فٹ کی خطرناک بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔