ساؤ پالو، 2 جولائی (یو این آئی) برازیل کی جنوبی ریاست ریو گرانڈے ڈو سول کے 90 فیصد حصے میں موسلادھار بارش کی وجہ سے اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں 33 افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جب کہ 179 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ریاستی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق 29 اپریل سے خراب موسم کی وجہ سے 23.90 لاکھ سے زیادہ باشندے متاثر ہوئے ہیں۔ جون کے وسط میں سیلاب کم ہونا شروع ہوا، لیکن بچاؤ اور بحالی کی کوششیں جاری رہیں۔
برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا دا سلوا کی طرف سے تعمیر نو کے کام کی نگرانی کے لیے مقرر کردہ پاؤلو پیمینٹا کے مطابق، برازیل کی حکومت نے ریو گرانڈے ڈو سول کی تعمیر نو کے لیے تقریباً 85.7 ارب ریئل مختص کیے ہیں۔
ارجنٹینا اور یوروگوئے کی سرحد پر واقع زرعی اور مویشیوں کے مرکز ریو گرانڈے ڈو سول میں فوجیوں اور مقامی رضاکاروں کی مدد سے 89 ہزار سے زائد رہائشیوں اور 15 ہزار جانوروں کو بچایا گیا۔