پریاگ راج:27اگست(یواین آئی) پہاڑی علاقوں میں لگاتار ہورہی بارش اور باندھوں سے پانی چھوڑے جانے کی وجہ اترپردیش کے ضلع پریاگ راج میں گنگا۔ جمنا ندیاں خطرے کے نشان کو عبور کرگئی ہیں۔
سیلاب کنٹرول روم کی جانب سے ہفتہ کو فراہم کی گئی جانکاری کے مطابق پریاگ راج میں گنگا کا آبی سطح خطرے کے نشان سے 0.62سینٹی میٹر اور جمنا کا 0.57سینٹی اوپر ہے۔ اس کے مطابق پریاگ راج میں دونوں ندیوں کا خطرے کا نشان84.74میٹر ہے۔
پھاپھا مئو میں گنگاندی کاپانی رات 12بجے85.35میٹر درج کیا گیا ہے جبکہ چھت ناگ میں آبی سطح 84.66میٹر تھا۔ وہیں جمنا ندی کے نینی میں آبی سطح 85.31میٹر درج کیا گیا ہے۔ گذشتہ 24گھنٹے میں گنگا۔پھاپھا مئو اور چھت ناگ میں خطرے کے نشان سے 57سینٹی میٹر جبکہ نینی میں جمنا 63سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے۔
گنگا اور جمنا کے آبی سطح میں ہورہے اضافے کو دیکھتے ہوئے شہر کے ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کے مکانوں میں سیلاب پانی داخل ہوچکا ہے۔ جس سے لوگ اب راحت کیمپوں کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ تقریبا 150گاؤں اور شہر کے دو درجن سے زیادہ محلے سیلاب کی زد میں ہیں۔
ضلع انتظامیہ نے سیلاب کی خوفناکی کو دیکھتے ہوئے راحت کیمپوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ پناہ گزینوں کے لئے ضلع انتظامیہ نے شہر سے منسلک سینٹ جوزف گرلس کالج ممپھورڈ گنج، اینی بیسنٹ اسکول ایلن گنج، سوامی وویکانند اسکول اشوک نگر، یونتی پبلک اسکول کریلی، کینٹ ہائی اسکول صدر بازار، ریگل گیسٹ ہاوس راجا پور، ڈی اے وی انٹر کالج راجا پور سمیت تقریبا ڈیڑھ درجن سے زیادہ راحت کیمپوں کا نظم کیا گیا ہے۔ راحت کیمپوں میں تقریبا 4000لوگوں کو بحفاظت پہنچایا گیا ہے۔ کیمپوں میں رہنے والوں کو انتظامیہ کی جانب سے کھانے کا نظم کیا گیا ہے۔