نئی دہلی ؛زبردست بارش کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی جبکہ گجرات میں 25 افراد بشمول ایک ہی خاندان کے 4 افراد سیلابی پانی میں بہہ جانے کی اطلاع ہے۔ یہ چاروں ریاست جھارکھنڈ کے متوطن تھے۔
محکمہ موسمیات کے بموجب چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش اور یوپی میں زبردست بارش بارش کا اندیشہ ہے۔ نئی دہلی میں موسم مرطوب رہا۔ اقل ترین درجہ حرارت 26.4 درجہ سلسیس تھا۔ گجرات کے آفات سماوی سے نمٹنے کے مرکز کے بموجب دیڑھ لاکھ کیوسیکس پانی تالاب سے خارج کیا گیا جس کی وجہ سے بناس کنٹھا میں دریا کے کنارے واقع کئی دیہات زیرآب آ گئے۔
راجستھان میں فوج نے مختلف علاقوں سے 27 افراد کو سیلاب سے بچا لیا۔ بارش سے متعلقہ حادثات میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 640 بچا لئے گئے جبکہ 2225 افراد کو بچا کر محفوظ علاقوں میں منتقل کردیا گیا۔ ہماچل پردیش میں زیرتعمیر عمارتیں منہدم ہونے سے کئی افرا د ہلاک ہوگئے۔ پنجاب، ہریانہ، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور ودربھا کے چند علاقوں میں موسلادھار بارش دیکھی گئی۔ تاہم اعظم ترین درجہ حرارت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ 13000 افراد ریاست کے 7 اضلاع میں متاثر ہوئے۔ جملہ 79 افراد سیلاب سے متعلقہ واقعات میں ہلاک ہوگئے۔ کل تک 23 ہزار افراد جن کا تعلق 9 اضلاع سے تھا، متاثر ہوئے تھے۔ عہدیدار 14 ریلیف کیمپ اور تقسیم کے مراکز پانچ اضلاع میں قائم کئے ہوئے ہیں۔
مغربی بنگال میں مغربی بردوان اور بانکورہ کے علاقہ متاثر ہیں۔ ہلکی سے اوسط درجہ کی بارش مغربی بنگال کے کئی علاقوں میں دیکھی گئی۔ بہار میں کل سے اب تک 1.2 ملی لیٹر بارش ہوئی۔