نئی دہلی ، 23 ستمبر ( یواین آئی) ملک میں لگاتار پانچویں دن کورونا سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد نئے کیسز کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے ۔ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 89 ہزار سے زائد کورونا مریضوں نے اس وبا کو شکست دی جس کے نتیجے میں ایکٹیو کیسز میں مزید کمی آئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے بدھ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 89،746 کورونا مریض شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 45،87،614 ہوگئی ۔ اس سے قبل ہفتہ کے روز 95،880 ، اتوار کو 94،612 ، پیر کو 93،356 اور منگل کو 1،01،468 کورونا مریض شفایاب ہوئے تھے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے نئے کیسز کے مقابلہ میں صحت مند ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہونے سے ایکٹیو کیسز کی تعداد 7،484 کم ہوچکی ہے اور اب یہ گھٹ کر 9،68،377 رہ گئی ہے۔ فعال کیسز میں ہفتہ کو 3790 ، اتوار کو 3140 ، پیر کو 7525 اور منگل کو 27،438 کمی آئی۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 83347 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد5646011 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ کے دوران ملک میں 1،085 مریضوں کی موت ہوگئی جس سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر کے 90،020 ہوچکی ہے۔