عالمی سطح پر خوبصورتی کے ہونے والے دنیا کے 4 بڑے مقابلوں میں سے ایک مقابلے میں پہلی بار تھائی لینڈ کی دوشیزہ نے ’مس اںٹرنیشنل‘ کا اعزاز حاصل کرلیا۔
’مس انٹرنیشنل‘ کا مقابلہ دنیا بھر میں ہونے والے خوبصورتی کے چار بڑے مقابلوں میں سے ایک ہے۔
یہ مقابلہ ’مس ورلڈ، مس یونیورس اور مس ارتھ‘ کے بعد خوبصورتی کا سب سے بڑا مقابلہ مانا جاتا ہے، جس میں دنیا کے 80 سے زائد ممالک کی حسینائیں حصہ لیتی ہیں۔
رواں برس کا مس انٹرنیشنل مقابلہ بھی ہر سال کی طرح جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر کی 81 دوشیزاؤں نے شرکت کی۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی وینزویلا، میکسیکو، برازیل، کیوبا، کولمبیا، امریکا یا پھر جنوبی افریقہ یا فلپائن کی حسینہ مس انٹرنیشنل منتخب ہو جائیں گی۔
لیکن پہلی بار تھائی لینڈ کی دوشیزہ نے اپنی خوبصورتی اور اداؤں سے دیگر ممالک کی حسیناؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اعزاز حاصل کرلیا۔
مس انٹرنیشنل کی ویب سائٹ کے مطابق 59 ویں سالانہ مقابلے میں پہلی بار تھائی لینڈ نے میدان مار لیا۔
مس انٹرنیشنل کا اعزاز تھائی لینڈ کی 25 سالہ فارماسسٹ سریتھورن بنٹ نے اعزاز حاصل کرکے تاریخ رقم کی۔
مس انٹرنیشنل کا مقابلے کا آغاز 1960 میں کیا گیا تھا اور تھائی لینڈ کی کوئی بھی دوشیزہ اس مقابلے کی فاتح نہیں ہوئی تھیں۔