دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے لیے پریشانی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ 6 مارچ تک انھیں سی بی آئی کی حراست میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اور آج انھیں 14 دنوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا گیا ہے۔ یعنی منیش سسودیا کی ہولی اب تہاڑ جیل میں گزرے گی۔
راؤز ایونیو کورٹ نے آج منیش سسودیا کو 14 روزہ عدالتی حراست میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا۔ سسودیا کو 2 دن کی ریمانڈ کے بعد آج عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
سسودیا ابھی تک مجموعی طور پر 7 دنوں کی ریمانڈ پر رہ چکے ہیں۔ دہلی آبکاری پالیسی معاملے میں گرفتاری کے بعد عآپ کے سینئر لیڈر ایک ہفتے سے سی بی آئی کی حراست میں تھے۔ ان کی ضمانت پر سماعت آئندہ 10 مارچ کو ہونے والی ہے۔
واضح رہے کہ منیش سسودیا کو 26 فروری کو 8 گھنٹے کی طویل پوچھ تاچھ کے بعد سی بی آئی نے گرفتار کر لیا تھا۔ 27 فروری کو راؤز ایونیو کورٹ نے سسودیا کو 4 مارچ تک کے لیے سی بی آئی ریمانڈ میں بھیجا تھا تاکہ ان سے پوچھ تاچھ کی جا سکے۔
اس درمیان سسودیا نے سپریم کورٹ میں بھی اپنی ضمانت کے لیے عرضی داخل کی تھی۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے اس پر سماعت سے انکار کر دیا تھا۔ پھر سسودیا کو 4 مارچ کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ اُس دن جج ایم کے ناگپال نے انھیں مزید 2 دنوں کے لیے سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا تھا۔