نئی دہلی ؛سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم )میں مبینہ دھاندلی کی رپورٹوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے منگل کو کہاکہ یہ مشینیں انتخابی کمیشن کی حفاظت میں ہیں اور انکے تحفظ کو یقینی بنانا اور سبھی قیاس آرائیوں کو بے بنیاد ثابت کرنا اسکی ذمہ داری ہے ۔
مسٹر مکھرجی نے اس سے پہلے پیر کے روز ایک تقریب میں خوش اسلوبی سے انتخابات مکمل کرنے پر انتخابی کمیشن کی تعریف کی تھی ۔
سابق صدر جمہوریہ نے آج ایک بیان میں کہاکہ ملک کی جمہوریت کی اصل بنیاد کو چیلنج کرنے والی قیاس آرائیوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوسکتی ۔عوامی فیصلہ مقدس ہوتاہے اور اسے کسی بھی شکوک وشبہات سے پاک ہونا چاہئے۔انھوں نے کہاکہ انھیں آئینی اداروں پر پورا بھروسہ ہے اور اسی لیے انکی مثبت رائے ہے کہ ادارے کو چلانے والے لوگ ہی یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ اسکے سبھی شعبے کیسے کام کریں ۔
مسٹر مکھرجی نے کہاکہ اس معاملہ میں ادارے کی متعبریت کو یقینی بنانا انتخابی کمیشن کی ذمہ داری ہے اور اسے ایسا کرکے ہرطرح کی قیاس آرائیوں کو ختم کرنا چاہئے ۔