نئی دہلی، 2 مارچ؛ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس جستی چلمیشور نے سنیچر کو کہا ہے کہ کچھ جج ایسے بھی ہیں جنہیں جھکایا جاسکتا ہے، لیکن سبھی ججوں کو ایک ہی ترازو میں تولنا نہیں چاہئے۔
انڈیا ٹوڈے کنکلیو۔2019 کے دوسرے دن آج جسٹس چلمیشور نے گزشتہ 12 جنوری کو چار ججوں کی جانب سے منعقدہ نامہ نگاروں کی کانفرنس سمیت عدلیہ سے منسلک مختلف مسائل پر کھل کر گفتگو کی۔
ججوں کے سمجھوتہ کرنے یا نہیں کرنے کے سلسلے میں کئے گئے ایک سوال کے جواب میں جسٹس چلمیشور نے کہا کہ کچھ جج ایسے بھی ہیں جنہیں جھکایا جاسکتا ہے، لیکن سبھی ججوں کو ایک ہی چشمے سے نہیں دیکھا جانا چاہئے۔
انہوں نےکہا کہ صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا میں بھی عدالتوں میں مسائل پیش آتے ہیں۔ ایسا ہونے میں ججوں پر بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں لیکن سبھی ججوں کو ایک نظریہ سے نہیں دیکھا جاسکتا ہے۔
گزشتہ 12 جنوری کو چار ججوں کی جانب سے کئے گئے نامہ نگاروں کی کانفرنس کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں سوال پوچھنا کوئی مخالفت نہیں ہوتا۔