بارہ بنکی ، 24 جولائی (یو این آئی) اتر پردیش میں ضلع باربنکی کے دیوا علاقے سیتاپور سے عقیدت مندوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرک کے درمیان ہوئی ٹکر کے بعد دونوں پلٹ گئے، جس سے چار عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اورتقریباََ 30 زخمی ہوگئے۔
سبھی کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ، ڈاکٹروں نے انہیں ضلع اسپتال بھیج دیا ، جبکہ دو افراد کی نازک حالت دیکھ کر انہیں لکھنؤ میڈیکل کالج ریفر کردیا گیا ہے ۔ کل رات دیر تمام عقیدت مند ضلع بارہ بنکی کے منجیٹھا گاؤں میں واقع ناگ دیوتا مندر کے درشن کرنے آرہے تھے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ یامونا پرساد کے مطابق ضلع سیتا پور کے سندنا علاقے کے باگولپارہ ، ہنی کھیڑا اور جانکی پور گائوں کے تقریباََ 35 افراد ٹریکٹر-ٹرالی پر سوار ہو کر بارابنکی کے منجیٹھا میں واقع ناگ دیوتا کے مندر کے درشن کے لئے آرہے تھے ۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریکر دیوا تھانے کے متائی گاؤں کے پاس پہنچا ، تبھی سامنے سے آرہے ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹریکٹر ٹرالی کو ٹکرا دی۔ ٹکراتنی شدید تھی کہ ٹرالی اور ٹرک دونوں پلٹ گئے ۔ اطلاع موصول ہونے پر پہنچی پولیس نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا ۔
انہوں نے بتایا کہ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ عقیدت مند ٹرالی کے نیچے دب گئے۔ جے سی بی کی مدد سے انہیں نکالا جاسکا ۔ ٹرک کا ڈرائیور بھی گھنٹوں کیبن میں پھنسا رہا اور اسے بڑی مشکل سے نکالا جاسکا ۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں مایادیوی زوجہ گنیش (50) ساکن باگولپارہ ، سنتوش کمار ولد شیوکمار (30) ، وریندر کمار ولد رام ولاس (25) ، چھوٹو ولد مٹرو ( 35) سب سیتا پورعلاقہ کے باگولپارہ گاؤں کے رہنے والے ہیں ۔