لکھنؤ: بنتھرا علاقہ میں موہن لال گنج جناب گنج روڈ پر ایک تیزرفتار مشتبہ گاڑی نے پیدل جارہے چار لوگوں کو زور دار ٹکر ماردی۔ ٹکر لگنے سے چار لوگ زخمی ہوگئے۔
اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوںکو اسپتال پہنچایا جہاں پر ڈاکٹروںنے ایک نوجوان کو مردہ قرار دے دیا۔وہیں دو دیگر سنگین طور سے زخمیوںکا الگ الگ اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔ ایک نوجوان کو بنیادی علاج کےبعد چھٹی دے دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق راجیش سنگھ بیوی پوجا سنگھ اور بیٹے اشوک کے ساتھ پہاڑ پور گاؤں میں رہتے ہیں۔ وہ گزشتہ دوشنبہ کی رات قریب 30:10بجے اپنے چچیرے بھائی ارون پردیپ اور سچن شریواستو کےساتھ موہن لال گنج واقع جناب گنج واقع اتل سنگھ چوہان ڈھابہ کےپاس سے چاروںلو گ پیدل گھر واپس لوٹ رہے تھے۔ اسی دوران ایک تیزرفتار مشتبہ گاڑی نے چاروںکو ٹکر ماردی۔ گاڑی ڈرائیور ٹکر لگنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ ڈھابہ میںموجود لوگوں نے مقامی پولیس کو معاملے کی اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوںکو لوک بندھو اسپتال پہنچایا جہاں پر ڈاکٹروں نے راجیش کو مردہ قرار دے دیا۔ اسپتال کی اطلاع پر کرشنا نگر پولیس نے راجیش کی لاش کو قبضہ میںلے کر پوسٹ مارٹم کےلئے بھیج دیا ہے۔ وہیں ارون کا بنیادی علاج کرنے کےبعد چھٹی دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پردیپ کا علاج ایس کے ڈی اسپتال تو وہیں سمت کا علاج کے جی ایم یو کے ٹراما سینٹر میں چل رہا ہے۔ راجیش کے کنبے کےافراد نے منگل کی دوپہر لاش کےآخری رسوم ادا کردیئے ہیں۔ بنتھرا پولیس نے سڑک حادثے کی جانچ شروع کردی ہے۔