نئی دہلی: دہلی کے مصطفی آباد علاقے میں سنیچر کی رات کی اولین ساعتوں میں ایک عمارت منہدم ہوگئی۔ جس میں کئی لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی آر ایف، ڈاگ اسکواڈ اور پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ چار منزلہ عمارت گر گئی ہے۔ دہلی پولیس کے مطابق آج صبح مصطفی آباد علاقے میں ایک عمارت گرنے سے 4 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ملبے تلے ایک درجن سے زائد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ واقعہ کے وقت اس عمارت میں دو درجن سے زیادہ لوگ موجود تھے۔ ان میں سے اب تک 10 افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ جب کہ اب بھی 12 سے زائد افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ ملبے تلے دبے ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ڈویژنل فائر آفیسر راجیندر اٹوال نے بتایا کہ ہمیں صبح تقریباً 2:50 بجے ایک مکان کے گرنے کی اطلاع ملی۔ ہم موقع پر پہنچے اور دیکھا کہ پوری عمارت گر چکی ہے اور ہمیں ملبے تلے لوگوں کے دبے ہونے کی اطلاع ملی۔ این ڈی آر ایف، دہلی فائر سروس لوگوں کو بچانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
جہاں ایک طرف NDRF اور پولیس اہلکار مصطفی آباد میں جاری ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں وہیں دوسری طرف مقامی لوگ بھی بچاؤ آپریشن میں مدد کر رہے ہیں۔ وہ اس واقعے کے بعد سے عمارت کا ملبہ ہٹانے میں وہاں موجود ٹیموں کی مدد کر رہے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد سے بہت سے مقامی لوگ موقع پر موجود ہیں اور ملبہ ہٹانے میں دیگر ٹیموں کی مدد کر رہے ہیں۔