پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے کھادی اینڈ دیہی انڈسٹریز بورڈ (کے وی آئی بی) کی ڈائری اور کیلنڈر سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی تصویر ہٹا کر وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر لگانے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اب’ آر ایس ایس (راشٹریہ سویم سیوک سنگھ) گینگ’ گاندھی جی کے نظریات کو قتل کرنے میں مصروف ہوگیا ہے ۔
مسٹر یادو نے ٹوئٹر پر جمعہ کی دیر رات ٹویٹ میں کہا ‘ہے رام! وزیر اعظم کی جانب سے بابائے قوم کی شدید توہین۔آر ایس ایس گینگ نے گاندھی جی کا قتل کیا اور اب یہ لوگ ان کے اصولوں اور نظریات کو بھی قتل کرنے پر مصرہیں۔’
آر جے ڈی سربراہ نے ایک اور ٹویٹ میں مسٹر نریندر مودی کا نام لئے بغیر ان کے بارے میں اشاروں میں لکھا ‘جس کی حکومت میں ہزاروں لوگ مارے گئے ، جس کا نظریہ سچائی اور عدم تشدد کے پجاری باپو کے بالکل برعکس ہے ، آج وہ آدمی، ان کی (گاندھی جی کی) جگہ لے رہا ہے ‘۔