نئی دہلی، 7 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آندھرا پردیش کے وشاكھاپٹنم میں زہریلی گیس کے رساؤ سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے آج قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور دیگر ایجنسیوں کے حکام کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور پونے سے ماہرین کی ٹیم کو فوری طور پر جائے حادثہ روانہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اس واقعہ میں اب تک 11 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور کم از کم 20 افراد کی حالت نازک ہے۔ تقریباً ایک ہزار لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکالا گیا ہے۔
بعد میں كابینی سکریٹری نے بھی قومی بحران مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں صورتحال کا جائزہ لیا اور سبھی متعلقہ ایجنسیوں کو ریاستی حکومت کی اس مشکل حالت میں ہر ممکن مدد کرنے کو کہا۔
ان میٹنگوں کے بعد قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے رکن کمل کشور، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے ڈائریکٹر جنرل ایم ایم پردھان اور ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے یہاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس واقعہ کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
مسٹر پردھان نے بتایا کہ اس واقعہ میں اب تک 11 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 20 سے 25 لوگوں کی حالت نازک لیکن مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکال لیا گیا ہے اور حالات اب پوری طرح قابو میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پونے سے این ڈی آر ایف کی کیمیکل، نامیاتی، تابکاری اور جوہری حادثات سے نمٹنے میں ماہر ٹیم وہاں بھیجی جا رہی ہے۔ مسٹر پردھان نے کہا کہ این ڈی آر ایف کی ٹیم متاثرہ علاقے میں حالات معمول ہونے اور ضرورت کے وقت تک موجود رہے گی اور حالات پر پوری نگرانی رکھے گی۔