اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی دنیا کے 3 امیر ترین افراد میں شامل ہونے والے پہلے ایشین شخص بن گئے ہیں۔بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس میں بھارتی بزنس ٹائیکون گوتم اڈانی نے لوئس ووٹن کے برنارڈ ارنالٹ کو پیچھے چھوڑ کر اب دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کی تازہ ترین فہرست میں گوتم اڈانی کا ایمیزون کے جیف بیزوس اور ٹیسلا کے ایلون مسک کے بعد تیسرا نمبر ہے، اور ان کی مجموعی مالیت 1سو 37 بلین ڈالرز ہے۔
رپورٹس کے مطابق، یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ایشیائی باشندے کو بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کی ٹاپ 3 پوزیشنز میں شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کی مشہور کمپنی ریلائنس کے سربراہ مکیش امبانی بھی بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس میں 91.9 بلین امریکی ڈالرز کی مجموعی مالیت کے ساتھ 11ویں نمبر پر ہیں۔
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کیا ہے؟
بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس دنیا کے ارب پتی لوگوں کی روزانہ کی کارکردگی کے حساب سے ان کی درجہ بندی کرنے کا اشاریہ ہے جسے نیویارک میں ہر تجارتی دن کے اختتام پر باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اڈانی گروپ، ریلائنس انڈسٹریز اور ٹاٹا گروپ کے بعد بھارت کا تیسرا سب سے بڑا گروپ ہے۔
یہ گروپ بھارت میں بندرگاہوں، بجلی، گرین انرجی، گیس، ہوائی اڈوں اور دیگر شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دیتا ہے۔
اڈانی گروپ اب 5G اسپیکٹرم کے لیے بولی لگانے کے بعد ٹیلی کام کی دنیا میں قدم رکھنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔