نئی دہلی۔ وراٹ کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرس بنگلور کا آئی پی ایل جیتنے کا خواب ایک بار پھر سے ٹوٹ گیا۔ جمعہ کو ایلمنیٹر مقابلے میں آر سی بی کی ٹیم کو سن رائزرس حیدرآباد نے بڑی ہی آسانی سے ہرا دیا۔ وراٹ کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں صرف 131 رن ہی بنا سکی۔ جواب میں سن رائزرس نے یہ مقابلہ 6 وکٹ سے جیت لیا۔ آر سی بی کی شکست کے بعد ٹیم انڈیا کے سابق کپتان گوتم گمبھیر نے وراٹ کی کپتانی اور ان کی ٹیم پر زبردست حملہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم تو پلے آف میں بھی پہنچنے کے لائق نہیں تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اب آر بی سی کو وراٹ کے علاوہ کسی اور کو کپتان بنایا جانا چاہئے۔
بدلو کپتان
آر سی بی کی ہار کے بعد گمبھیر نے ای ایس پی این کرک انفو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آر سی بی کو اب کپتان بدلنے کی ضرورت ہے۔ گمبھیر سے جب پوچھا گیا کہ کیا کپتانی میں مورچے پر آر سی بی کو تبدیلی کی ضرورت ہے۔
اس سوال کے جواب میں گمبھیر نے کہا ‘ بالکل 100 فیصدی۔ دراصل، مسئلہ ذمہ داری کو لے کر ہے۔ 8 سال بغیر ٹرافی کے۔ 8 سال طویل وقت ہوتا ہے۔ آپ دوسرے کپتان کیا کسی کھلاڑی کو بھی بغیر ٹرافی کے نہیں رکھتے۔ یہ ذمہ داری کی بات ہے۔
گمبھیر نے وراٹ کوہلی کا نام لئے بغیر کہا کہ اس ٹیم کی دقتیں سپورٹ اسٹاف، مینجمنٹ اور لیڈرشپ سے ہے۔ انہوں نے کہا ‘ جب تک ہار کے لئے لیڈرشپ کو ذمہ دار ٹھہرایا نہیں جائے گا تب تک ایسا ہی ہوتا رہے گا۔ میں سپورٹ اسٹاف، کوچ، بیٹنگ کوچ ہر کسی کے لئے کافی دکھی ہوں۔ ہر سال کوچ بدلا جاتا ہے۔ لیکن مسئلہ کہیں اور ہے۔
ٹیم پر اٹھائے سوال
گمبھیر نے آگے کہا ‘ آپ چاہے جتنا بھی ان کا بچاو کریں میرے حساب سے یہ ٹیم پلے آف میں پہنچنے کے قابل نہیں تھی۔ یہ ٹیم بیٹنگ اور بالنگ دونوں محاذوں پر فیل رہی۔ ہاں گیندبازوں نے تھوڑا بہتر کیا’۔