اسرائیلی فورسز کا بدترین آپریشن گزشتہ رات بھر غزہ کے علاقے جبالیہ کیمپ میں جاری رہا جبکہ 23 لاکھ فلسطینی غذائی قلت کا شکار ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آپریشن میں متعدد عورتوں اور بچوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا ہے، جبالیہ کیمپ میں عورتوں و بچوں کی آہیں سسکیاں رات بھر گونجتی رہیں۔
ادھر جنوبی لبنان میں بھی اسرائیلی فوجی آپریشن جاری ہے، جس کے دوران جنوب لبنان کی متعدد رہائشی عمارتیں زمین بوس کر دی گئیں۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنان میں رات بھر ہونے والی لڑائی میں 5 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے۔
غزہ پر بھوک و افلاس کے سائے مزید گہرے ہونے لگے
ایک طرف اسرائیلی افواج کی غزہ کے مختلف علاقوں پر بم باری کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف وہاں بھوک اور افلاس کے سائے مزید گہرے ہو گئے ہیں۔
غزہ بھر میں خوراک کا شدید بحران ہے، دیر البلاح میں بیکری کے باہر روٹی کے حصول کے لیے سینکڑوں فلسطینیوں نے لمبی قطاریں لگائیں۔
اسرائیلی بم باری اور جارحیت کے سبب تقریباً 23 لاکھ فلسطینی غذائی قلت کا شکار ہیں۔