نئی دہلی ، 30 ستمبر ( یواین آئی) عالمی سرمایہ کاری فرم جنرل اٹلانٹک ریلائنس انڈسٹریز کے ذیلی ادارہ ریلائنس رٹیل وینچرز لمیٹڈ (آر آر وی ایل) میں 0.84 فیصد ایکویٹی کیلئے 3،675 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سلور لیک اور کے کے آر کے بعد ریلائنس رٹیل میں یہ تیسری بڑی سرمایہ کاری ہے۔
بدھ کے روز ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) اور ریلائنس رٹیل وینچرز لمیٹڈ (آر آر وی ایل) نے اس سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ اس معاہدہ میں ریلائنس رٹیل کی پری منی ایکویٹی کی مالیت 4.285 لاکھ کروڑ روپے بتایا جارہاہے۔
اس سال کے شروع میں جنرل اٹلانٹک نے جیو پلیٹ فارم میں 6،598.38 کروڑ کی سرمایہ کاری کی تھی۔ ریلائنس انڈسٹریز کے ماتحت ادارہ میں جنرل اٹلانٹک کی یہ دوسری سرمایہ کاری ہے۔
ریلائنس رٹیل لمیٹڈ کے ملک بھر میں پھیلے ہوئے 12 ہزار سے زائد اسٹورز میں سالانہ 64 کروڑ خریدارآتے ہیں۔ یہ ہندوستان کا سب سے بڑا اور تیزی سے بڑھتا ہوا خوردہ کاروبار ہے۔ ریلائنس رٹیل کے پاس ملک کے سب سے فائدہ مند رٹیل کاروبار کا تمغہ بھی ہے۔ کمپنی خوردہ عالمی اور گھریلو کمپنیوں ، چھوٹی صنعتوں ، خوردہ تاجروں اور کسانوں کو سستی قیمتوں پر صارفین کی خدمت کرنے اور لاکھوں ملازمتیں پیدا کرنے کا ایک نظام تیار کرنا چاہتی ہے۔