نئی دہلی، 8دسمبر ؛ دفاعی سربراہ جنرل بپن راوت، انکی اہلیہ اور کچھ دیگر فوجی حکام کو لے جارہا فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر آج تملناڈو میں نیل گری ضلع کے کنور علاقہ میں حادثہ کا شکار ہوگیا، اس میں 14لوگ سوار تھے جن میں سے صرف ایک شخص بچا ہے۔
نیل گیری ضلع کے کلکٹر ایس پی امرت نے یو این آئی کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر پر سوار لوگوں میں سے صرف ایک شخص زندہ بچا ہے۔ جنرل راوت کی سلامتی کے بارے میں ابھی غیریقینی کی صورتحال ہے۔ حادثہ میں ہیلی کاپٹر کا ملبہ مکمل طورپر جل کر خاک ہوگیا ہے۔
مسٹر امرت نے اس حادثہ کے بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں دی۔ وہ موقع پر بچاو او ر راحت مہم کی نگرانی کررہے ہیں۔
اس درمیان وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس حادثہ کے بعد وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں واقعہ کی معلومات دی۔ اس سے پہلے فوجی سربراہ ایم ایم نرونے نے مسٹر سنگھ سے ساوتھ بلاک میں انکے دفتر ملاقات کرکے جنرل راوت کے ہیلی کاپٹر کے حادثہ کا شکار ہونے کی تفصیلات دیں۔ مسٹر سنگھ اور جنرل نرونے راجدھانی میں جنرل راوت کی سرکاری رہائش گاہ پر بھی گئے۔
وزیر دفاع اس حادثہ میں پارلیمنٹ میں جمعرات کو بیان دینے والے ہیں۔
انہوں نے اس حادثہ کے بعد سینئر دفاعی حکام کے ساتھ میٹنگ کی۔