جوناگڑھ : دنیا میں ایشیائی ببرشیروں کے رہنے کی واحد جگہ گجرات کے گر جنگلات میں گزشتہ دنوں ایک ہی حصہ میں 23شیروں کی موت سے ہنگامہ ہونے کے بعد اب جوناگڑھ ضلع اسی جنگل کے نزدیک ایک کھیت سے تین سال کے ایک شیر کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔
گر مغربی جنگلات کے نائب محافظ دھیرج متل نے آج یواین آئی کو بتایا کہ دو سے تین سال کی عمر کے اس شیر کی لاش ویساو در تالوکا کے کالا واڑ گاؤں کے فارم سے ملی ہے ۔بادی النظر میں اس کی موت قدرتی طورپر معلوم ہوتی ہے ۔اس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جارہا ہے ۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس شیر کے جسم پر خطرناک کینائن ڈستیمبر اوار سی ڈی زہر کے انفیکشن کے کوئی نشان ہیں،جیسے کے پنجوں میں سوجن وغیرہ ،اس کے جواب میں مسٹر متل نے کہا کہ ایسا کوئی نشان نہیں پایا گیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ 1991 میں مشرقی افریقہ کے ایک ملک میں 1000شیروں کی موت کی وجہ بنے زہر کا انفیکشن گزشتہ 12ستمبر سے 2 اکتوبر کے دوران گر جنگلات کے دلکھانیا رینج میں مرے ایک ہی گروپ کے 23شیروں میں سے کچھ میں پایا گیا تھا۔
کل امریلی ضلع کے دھاری تالوکا کے دیولا گاؤں میں تقریباً 30فٹ گہرے کونیں میں گرجانے سے تین سال کے ایک دیگر شیر کو محکمہ جنگلات کی ٹیم صحیح سلامت بچالیا تھا۔