نئی دہلی، 15نومبر(یو این آئی)بےشک آج ہندستان کھیلوں کے ہر میدان میں اپنے ملک کا پرچم بلند کررہا ہے۔ ان تمام تر کامیابیوں کا سہرااس کےکھلاڑیوں اور کوچوں کو جاتا ہے۔
عام طور پر ایسا بہت کم نظر آتا ہے کہ ہم کسی ایک شخص کو پہلے انفرادی طور پر ایک چمکتے ہوئے ستارہ کے طور پر دیکھتے ہیں اور پھر وہی شخص بحیثیت ایک کوچ اپنے تجربات سے دوسرے کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیتا ہے اور اس کی یہ کاوشیں ایک روز ملک کا نام روشن کرتی نظر آتی ہیں۔
گوپی چند پلیلا بھی ان بہترین بیڈمنٹن کھلاڑیوں میں ایک ہیں جو ایک بہترین بیڈمنٹن کھلاڑی تو تھے ہی ساتھ ساتھ وہ ایک بہترین کوچ بھی ثابت ہوئے۔
آج اگر ہندوستان بیڈمنٹن میں اتنا کمال دکھا رہا ہے تو اس کی ایک بڑی وجہ بیڈمنٹن کھلاڑی پلیلا گوپی چند ہیں۔ یہ وہی بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں جن کی بدولت ہندوستان نے 2 اولمپک تمغے جیتے ہیں۔
اس سابق ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی نے بحیثیت کھلاڑی اولمپکس میں بھلے ہی کوئی تمغہ نہ جیتا ہو لیکن بحیثیت ایک کامیاب کوچ سائنا نہوال اور پی وی سندھو کے ذریعے اس نے ملک کا نام ضرورروشن کیا ہے۔